
کوئٹہ(یو این اے )حکومت بلوچستان نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی فیملی پر حملے کا 24گھنٹے کے بعد نوٹس لے لیاوزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی ایک فیملی پر ہونے والے حملے کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا حکم جاری کیا ہے۔ وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ معصوم اور بے گناہ افراد کو اس طرح نشانہ بنانا انسانیت نہیں ہے، اور معصوم بچوں کے سامنے ان کے والد کو گولی مار کر شہید کرنا کہاں کی جرات مندی اور بہادری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہمانوں کو اس طرح بزدلانہ کارروائیوں کا نشانہ بنانا بلوچستان کی غیرت مندانہ اور مہمان نواز روایات کے سراسر منافی ہے۔وزیر داخلہ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر حکومت کی جانب سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس وحشیانہ فعل میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے گی۔ میر ضیا اللہ لانگو نے متاثرہ خاندان کے ساتھ گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے متاثرہ فیملی کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والی خاتون کو کراچی میں بہترین طبی علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے اور حکومت ان کی جلد صحت یابی کے لیے تمام ضروری اقدامات کی نگرانی کر رہی ہے۔



