بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، میر سرفراز بگٹی
انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں خودکش بمبار سمیت 8 دہشت گرد ہلاک، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں پر خراجِ تحسین

کوئٹہ(یو این اے )وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتن الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی دو کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے انہیں بلوچستان میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں وزیراعلی نے کہا کہ گزشتہ دو روز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خاران اور مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائیوں کے باعث دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے اور بڑے پیمانے پر ممکنہ تباہی کو روک دیا گیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز دن رات قربانیاں دے رہی ہیں اور ان کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے، جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر بلوچستان کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر دشمن کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ فتن الہندوستان اور دیگر دہشت گرد عناصر غیر ملکی سرپرستی میں پاکستان خصوصا بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہیں، تاہم ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ ان سازشوں کا مقابلہ کر رہے ہیں اور دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کو قانون کے شکنجے میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان، پاک فوج، ایف سی، پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی دہشت گرد یا اس کے سہولت کار کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت، قومی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مثر انداز میں جاری رہیں گی اور بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ وزیراعلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے حکومت تمام ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، جبکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس قومی جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔



