بلوچستان

کوئٹہ میں یومِ عاشور پر بھی بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ، شہری شدید مشکلات سے دوچار

شدید گرمی میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی بند، گیس معطلی سے نیاز و لنگر کی تیاری میں سخت پریشانی

کوئٹہ میں یومِ عاشور پر بھی بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ، شہری شدید مشکلات سے دوچار
کوئٹہ میں یومِ عاشور پر بھی بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ، شہری شدید مشکلات سے دوچار

کوئٹہ(یو این اے )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں یومِ عاشور کے موقع پر جہاں ایک جانب مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ مجالس اور جلوس منعقد کیے گئے، وہیں دوسری جانب بجلی اور گیس کی مسلسل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ شدید گرمی کے باوجود مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش اور گیس کی عدم فراہمی کے باعث لوگوں کو روزمرہ امور اور مذہبی رسومات کی ادائیگی میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کی جانب سے یومِ عاشور پر کئی علاقوں میں گیس کی فراہمی مکمل طور پر معطل رہی، جس کے باعث گھروں میں نذر و نیاز، لنگر اور دیگر کھانے تیار کرنے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ خواتین، بزرگ شہریوں اور گھریلو صارفین نے گیس کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی موقع پر کم از کم گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے تھی۔دوسری جانب کیسکو کی جانب سے بھی یومِ عاشور کے دن معمول کے مطابق لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ شہریوں کے مطابق مختلف فیڈرز پر آٹھ سے دس گھنٹے تک بجلی بند رہی، جس کے باعث شدید گرمی میں بچوں، بزرگوں، مریضوں اور خواتین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جن علاقوں میں بجلی کی طویل بندش ریکارڈ کی گئی ان میں خنجراب روڈ، بلوچی اسٹریٹ، میکانگی روڈ، پٹیل روڈ، زرغون روڈ، ڈبل روڈ، ارباب کرم خان روڈ، جوائنٹ روڈ، ریلوے ہاسنگ سوسائٹی، بوری روڈ اور دیگر ملحقہ علاقے شامل ہیں، جہاں شہری کئی گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یومِ عاشور جیسے اہم مذہبی موقع پر بجلی اور گیس کی مسلسل بندش نہ صرف عبادات اور گھریلو امور میں رکاوٹ بنی بلکہ شدید گرمی کے باعث عزاداروں، بچوں اور بزرگوں کی مشکلات میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا۔ متاثرہ شہریوں نے وفاقی و صوبائی حکومت، کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ مذہبی تہواروں اور قومی اہمیت کے دنوں میں بجلی اور گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button