محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات گزشتہ برسوں کے مقابلے میں مزید موثر بنائے گئے ہیں، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر
صوبے بھر میں 32 ہزار اور کوئٹہ میں 8 ہزار اہلکار تعینات، مرکزی جلوس کے لیے روف ٹاپ سیکیورٹی سمیت سخت حفاظتی اقدامات

کوئٹہ(یو این اے )انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے عاشورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات گزشتہ برسوں کے مقابلے میں مزید مثر بنائے گئے ہیں۔ بلوچستان میں 68 جلوسوں کو حساسیت کے لحاظ سے مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ آج صوبے بھر میں 27 جلوس برآمد ہوئے، جن میں سب سے بڑا اور اہم جلوس کوئٹہ کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی جلوس کے لیے تین ہزار سے زائد اہلکار، روف ٹاپ سیکیورٹی اور خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ بی ڈی اسکواڈ، جدید ٹیکنالوجی اور سخت چیکنگ کے ذریعے سیکیورٹی کو مزید مثر بنایا گیا ہے۔ آئی جی پولیس محمد طاہر کا کہنا تھا کہ انجمن تاجران، اہل سنت اور اہل تشیع کے تعاون سے پرامن ماحول برقرار ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی تحفظ کے لیے بعض سیکیورٹی اقدامات ناگزیر ہوتے ہیں، اور دہشت گردوں کو کسی بھی موقع سے محروم رکھنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔ یوم عاشور پر بلوچستان بھر میں مجموعی طور پر تقریبا 32 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جبکہ صرف کوئٹہ میں 8 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔



