بلوچستان پولیس کا تھریٹ الرٹ جاری دہشت گردانہ حملوں کا خدشہ
May 2, 2026
حساس تنصیبات، پیٹرول پمپس اور تھانوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت، آئی جی بلوچستان نے5 دن میں رپورٹ طلب کر لی حساس تنصیبات، پیٹرول پمپس اور تھانوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت، آئی جی بلوچستان نے5 دن میں رپورٹ طلب کر لی
کوئٹہ(یو این اے )سینٹرل پولیس آفس (CPO) بلوچستان نے ایک انتہائی اہم تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغانستان میں موجود کالعدم تنظیم (FAH) کی قیادت بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے ایک نئے مرحلے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جسے “آپریشن ہیروف-تھری” (Herof-III) کا کوڈ نیم دیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق اس آپریشن کا مقصد بلوچستان سے کراچی تک دہشت گردانہ سرگرمیوں کے ذریعے اپنی موجودگی اور اہمیت کو ظاہر کرنا ہے، جس کے لیے خودکش بمباروں کے استعمال اور عسکری و سول تنصیبات کی ریکی (Reece) بھی شروع کر دی گئی ہے۔تھریٹ الرٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے نشانے پر عسکری تنصیبات، سویلین پیٹرول پمپس، بینک، صوبائی ادارے اور پولیس اسٹیشنز شامل ہو سکتے ہیں۔ اس بار آپریشن کی کمان کیپٹن رحمان گل نامی دہشت گرد کے سپرد کی گئی ہے جو مختلف حملوں کی کوآرڈینیشن کرے گا۔ اس سنگین صورتحال کے پیشِ نظر تمام رینج ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور سی ٹی ڈی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں انتہائی چوکسی اختیار کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کو یقینی بنائیں۔ آئی جی بلوچستان نے تمام متعلقہ افسران سے کیے گئے حفاظتی اقدامات کی رپورٹ 5 روز کے اندر طلب کر لی ہے۔