محکمہ سمال انڈسٹریز میں گریڈ 1 سے 15 تک کی بھرتیوں میں میرٹ کی مبینہ پامالی
April 29, 2026
تقرری کے احکامات پرانی تاریخوں میں جاری کرنے کا انکشاف، وزیراعلی اور چیف سیکرٹری سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ تقرری کے احکامات پرانی تاریخوں میں جاری کرنے کا انکشاف، وزیراعلی اور چیف سیکرٹری سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کوئٹہ(یو این اے)محکمہ سمال انڈسٹریز بلوچستان میں گریڈ 1 سے 15 تک کی آسامیوں پر حالیہ تقرریوں نے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے، باخبر ذرائع کے مطابق میرٹ کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے من پسند افراد میں آرڈرز تقسیم کیے گئے ہیں۔ ان آسامیوں کا اشتہار تقریبا 14 ماہ قبل شائع ہوا تھا، جس کے بعد ہزاروں پرامید نوجوانوں نے کڑے امتحانی عمل اور انٹرویوز میں شرکت کی، مگر اب ان کی محنت پر پانی پھیرتے ہوئے مبینہ طور پر اقربا پروری اور سفارشی کلچر کو ترجیح دی گئی ہے۔ سب سے زیادہ تشویشناک پہلو یہ سامنے آیا ہے کہ تقرری کے احکامات 2026 میں جاری ہونے کے باوجود مبینہ طور پر پرانی تاریخوں میں درج کیے گئے ہیں تاکہ اس غیر قانونی عمل کو قانونی رنگ دیا جا سکے، جس نے محکمے کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔اس پورے عرصے کے دوران محکمہ سمال انڈسٹریز بلوچستان میں بڑی انتظامی تبدیلیاں بھی دیکھنے میں آئیں، جن میں صوبائی وزیر علی حسن زہری، دو سیکرٹریز درابلوچ اور محبوب حسین دشتی، اور ڈائریکٹر جنرل انیس گورگیج کے تبادلے شامل ہیں۔ محکمے کی باگ ڈور نئے ہاتھوں میں آنے کے بعد ایک نان کیڈر ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی عمل میں لائی گئی، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اثر و رسوخ کی بنیاد پر متنازع انداز میں اس کلیدی عہدے پر بٹھایا گیا۔ اسی انتظامی تبدیلی کے بعد بااثر شخصیات کی مداخلت میں تیزی آئی اور بھرتیوں کا عمل شفافیت کے بجائے مخصوص حلقوں تک محدود ہو گیا۔یہ صورتحال نہ صرف ان حقدار نوجوانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے جنہوں نے اپنی قابلیت کے بل بوتے پر مقابلہ کیا، بلکہ یہ ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد کو بھی بری طرح متزلزل کر رہی ہے۔ اہل امیدواروں کو دیوار سے لگا کر سفارشی افراد کو نوازنے کے اس عمل نے عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں امیدواروں نے اب انصاف کے حصول کے لیے عدالتِ عالیہ کا دروازہ کھٹکھٹانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ عوامی سطح پر وزیراعلی بلوچستان اور چیف سیکرٹری سے اس معاملے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، کیونکہ میرٹ کا یہ قتلِ عام صوبے کے نوجوانوں کو نظام سے مایوس کر سکتا ہے۔