نیشنل پارٹی پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ جماعت ہے،ڈاکٹر مالک
April 28, 2026
شکاگو کے شہدا کو خراجِ عقیدت اور استحصالی نظام کے خلاف جدوجہد کو منظم کیا جائے گا، مرکزی ترجمان شکاگو کے شہدا کو خراجِ عقیدت اور استحصالی نظام کے خلاف جدوجہد کو منظم کیا جائے گا، مرکزی ترجمان
کوئٹہ(یو این اے) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ عالمی یومِ مزدور (لیبر ڈے)کے موقع پر شکاگو کے عظیم شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور محنت کش طبقے کے بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد کو مزید منظم کرنے کے لیے یکم مئی کو کوئٹہ پریس کلب میں تقریب منعقد کی جائے گی۔بیان میں کہا گیا کہ تقریب سے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ خطاب کریں گے، تقریب سے مرکزی سیکرٹری جنرل صوبائی صدر مرکزی لیبر سیکرٹری ضلعی صدر سمیت دیگر مرکزی قائدین اور مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندگان بھی شریک ہوکر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ یہ تقریب نہ صرف محنت کشوں کے مسائل کو اجاگر کرے گی بلکہ ملک میں بڑھتی ہوئی معاشی ناہمواری، بیروزگاری اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف کردار ادا کریگی ۔ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی شروع دن سے محنت کش طبقے، کسانوں اور پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ جماعت رہی ہے اور آج بھی ہر قسم کے استحصالی نظام، غیر منصفانہ معاشی ڈھانچے اور سرمایہ دارانہ جبر کے خلاف عملی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور یونینز دراصل جمہوری اقدار، اجتماعی طاقت اور حقوق کے تحفظ کی علامت ہوتی ہیں، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ملک میں مزدور یونینز کو کمزور کرنے اور ان پر قدغن لگانے کے اقدامات نے محنت کش طبقے کو مزید غیر محفوظ بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، کم آمدنی انتقامی کارروائیاں وہ استحصالی ہالیسیاں ہے جن کا سامنا آج ہر مزدور کر رہا ہے۔ مسائل و مشکلات کا حل منظم جدوجہد سے ممکن ہے ۔نیشنل پارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ کارکنان تقریب میں بھرپور شرکت کرکے محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور ایک منصفانہ و مساوی معاشرے کے قیام کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔