کوئٹہ میں لوکل گورنمنٹ کی حلقہ بندیاں مکمل شفاف ہیں، الیکشن کمیشن بلوچستان
April 21, 2026
حلقہ بندیوں پر اعتراضات داخل کرنے کے لیے 29 اپریل تک کی مہلت
کوئٹہ(یو این اے )الیکشن کمیشن بلوچستان کے ترجمان نے ضلع کوئٹہ کی لوکل گورنمنٹ حلقہ بندیوں میں کسی مخصوص گروپ کی حمایت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ حلقہ بندیاں حالیہ مردم شماری کے اعداد و شمار اور آبادی کے کوٹہ کو مدنظر رکھ کر ایک باقاعدہ کمیٹی کے ذریعے ترتیب دی گئی ہیں، جس میں تمام قانونی ضوابط اور زمینی حقائق کا مکمل خیال رکھا گیا ہے۔ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی فہرستوں پر کسی بھی قسم کے تحفظات کی صورت میں مقامی ووٹرز 29 اپریل 2026 تک اپنے اعتراضات متعلقہ حلقہ بندی اتھارٹی کے پاس جمع کروا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے زور دیا ہے کہ قانونی عمل پر بلاجواز تنقید کے بجائے مقررہ طریقہ کار کے مطابق ٹھوس وجوہات کے ساتھ اعتراضات درج کرائے جائیں، جن پر باقاعدہ شنوائی اور قانونی فیصلوں کے بعد ہی حتمی فہرستیں شائع کی جائیں گی۔