وائی ڈی اے بلوچستان، صوبائی کابینہ کی غیر جمہوری تشکیل کی کوششیں مسترد
April 21, 2026
بند کمروں کے فیصلے ڈاکٹرز کمیونٹی کو تقسیم کرنے کی سازش ہیں، کسی بھی غیر منتخب کابینہ کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، اعلامیہ
کوئٹہ(یو این اے )ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے)بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم پریس ریلیز میں صوبائی کابینہ کو جمہوری اور انتخابی عمل کے بجائے “پسند و ناپسند” کی بنیاد پر تشکیل دینے کی کوششوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ ایک مخصوص ٹولہ تنظیم پر اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کے لیے بند کمروں میں فیصلے کر رہا ہے، جو کہ ڈاکٹرز کمیونٹی اور تنظیم کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔وائی ڈی اے کوئٹہ کے مطابق، تنظیم کی بقا صرف صاف اور شفاف انتخابات میں ہے اور کسی بھی خود ساختہ مشاورتی کونسل یا گروہ کی جانب سے اعلان کردہ کابینہ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی۔ پریس ریلیز میں میڈیا، سیاسی جماعتوں اور دیگر ٹریڈ یونینز کو باور کروایا گیا ہے کہ صرف وہی قیادت حقیقی مینڈیٹ کی حامل ہوگی جو باقاعدہ پینلز اور ووٹنگ کے ذریعے منتخب ہو کر آئے۔ ڈاکٹرز کمیونٹی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تنظیم کو تقسیم سے بچانے اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے متحد ہو جائیں اور غیر جمہوری اقدامات کے خلاف آواز بلند کریں۔