بگ باس مراٹھی: سونالی راؤت کے شو انتظامیہ پر سنگین الزامات، متعدی بیماری کا انکشاف

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک): بھارتی اداکارہ اور بگ باس مراٹھی سیزن 6 کی سابق امیدوار سونالی راؤت نے شو کے گلیمر کے پیچھے چھپی “تاریک حقیقت” سے پردہ اٹھاتے ہوئے انتظامیہ پر ذہنی اذیت اور غیر انسانی حالات میں رکھنے کے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔ اداکارہ کا دعویٰ ہے کہ شو کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث وہ ’اسکیبیز‘ (Scabies) نامی متعدی جلدی بیماری کا شکار ہو گئی ہیں۔
سونالی راؤت نے سوشل میڈیا پر اپنے زخموں کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ بگ باس کے گھر میں صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر تھی۔ ان کے بقول کچن میں بڑے بڑے چوہے گروسری کھاتے تھے اور اسی آلودہ راشن سے امیدواروں کا کھانا تیار ہوتا تھا، جس میں اکثر کاکروچ بھی پائے جاتے تھے۔ اداکارہ نے مزید انکشاف کیا کہ 17 امیدواروں کے لیے صرف ایک واش روم تھا جہاں شدید گندگی اور مردہ چوہے موجود ہوتے تھے، اور اسی ماحول کی وجہ سے امیدوار ایک دوسرے کے تولیے استعمال کرنے پر مجبور تھے جس سے بیماری پھیلی۔
اداکارہ نے اینڈیمول پروڈکشن پر قانونی اخلاقیات کی خلاف ورزی کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ ان کا خفیہ معاہدہ دیگر امیدواروں کے ساتھ شیئر کیا گیا جو کہ قانونی طور پر غلط ہے۔ انہوں نے پروڈکشن ہاؤس کو قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ سونالی راؤت اس سے قبل بگ باس ہندی کے سیزن 8 میں بھی شرکت کر چکی ہیں، تاہم موجودہ سیزن کے حالات کو انہوں نے ناقابلِ برداشت قرار دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ شو کے میکرز ان الزامات پر کیا ردِعمل دیتے ہیں۔



