پی کے میپ مادری زبانوں کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کرے گی
February 20, 2026
مرکزی تقریب پریس کلب کوئٹہ میں، اساتذہ، ادیب، شعرا اور دانشور شرکت کریں گے کوئٹہ(یو این اے )پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی نے پریس ریلیز میں اعلان کیا ہے کہ 21 فروری کو مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر پارٹی کے زیر اہتمام ملک اور بیرون ملک پشتونخواہ کے تمام اضلاع میں اجتماعات، سیمینار اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ مرکزی تقریب دوپہر 2 بجے پریس کلب کوئٹہ میں منعقد ہوگی جس میں پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین، پشتو ڈیپارٹمنٹ، پشتو اکیڈمی کے اساتذہ، پروفیسرز، ادیب، شعرا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی زبانوں اور ثقافتوں کی ترقی اور فروغ سے انکار کی پالیسیوں نے ملک کو سنگین مشکلات سے دوچار کیا ہے، جبکہ قوموں کی زبانیوں اور تاریخ ہزاروں سال پر محیط ہے۔ پارٹی نے مادری زبانوں کے فروغ کے لیے پشتون دانشوروں، پی ایچ ڈیز، ادیبوں اور شاعروں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ اپنی مادری زبان کے تحفظ اور فروغ کے لیے آواز بلند کریں۔بیان میں پشتو زبان کو گوگل کا حصہ بنانے والے ماہرین کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے پشتو کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ کر کے کروڑوں افراد کے لیے قابل استفادہ بنایا ہے۔ پارٹی نے تمام وطن دوست اور جمہوریت پسند عوام سے اپیل کی ہے کہ مادری زبانوں کے عالمی دن کے پروگراموں میں شرکت کر کے اپنے حب الوطنی کا ثبوت دیں۔