بلوچستان

ہنگول کے ساحل پر اولیو رڈلے نسل کا سمندری کچھوا مردہ برآمد

ہنگول کے ساحل پر اولیو رڈلے نسل کا سمندری کچھوا مردہ برآمد
اورماڑہ (یو این اے )بلوچستان کے ساحلی علاقے ہنگول بندر پر سمندری کچھوے کی ہلاکت نے ماہرین اور وائلڈ لائف سے وابستہ حلقوں کی توجہ ایک بار پھر ساحلی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کی جانب مبذول کرا دی ہے۔ اورماڑہ سے تعلق رکھنے والے صحافی اور وائلڈ لائف ایکسپرٹ محمود سگار نے مردہ پائے جانے والے کچھوے کی شناخت اولیو رڈلے نسل کے طور پر کی، جس کی تصدیق ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تکنیکی مشیر محمد معظم خان نے بھی کر دی ہے۔محمد معظم خان کے مطابق اولیو رڈلے پاکستان کی سمندری حدود میں پائی جانے والی سب سے زیادہ تعداد والی سمندری کچھوا نسل ہے، جو سبز کچھوے کے مقابلے میں تقریبا پانچ گنا زیادہ پائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اولیو رڈلے گہرے سمندر میں رہائش رکھتا ہے، تاہم پاکستان کے سمندری پانیوں میں مچھلیوں کے شکار کے لیے استعمال ہونے والے جال اس کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں، جن میں پھنس کر یہ کچھوے اکثر ہلاک ہو جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نسل نے 1990 کے بعد پاکستان کے ساحلوں پر گھونسلے بنانا اور انڈے دینا بند کر دیے ہیں، جو ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ ہے۔وائلڈ لائف ایکسپرٹ محمود سگار نے کہا کہ اگرچہ اولیو رڈلے تعداد میں زیادہ ہیں، تاہم عالمی سطح پر انہیں آئی یو سی این کی ریڈ لسٹ میں کمزور نسلوں میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ہنگول جیسے اہم ساحلی مقام پر اس کچھوے کا مردہ ملنا موسمیاتی تبدیلیوں کی جانب بھی اشارہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سبز کچھوا عموما ساحلی پانیوں میں پایا جاتا ہے، جبکہ اولیو رڈلے کے گہرے پانیوں میں رہنے کے باعث فشنگ نٹس میں پھنسنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ادھر محکمہ فارسٹ اینڈ وائلڈ لائف ہنگول نیشنل پارک کے ایس ڈی او امان اللہ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ اس ہلاکت کی وجوہات کا جائزہ لے رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سمندری کچھوں کی بقا کے لیے ساحلی علاقوں کا تحفظ اور شکاری جالوں کے حوالے سے مثر حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں، تاکہ یہ نسل دوبارہ پاکستان کے ساحلوں پر گھونسلے بنا سکے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button