
ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے الزام عائد کیا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے بیان کے ذریعے پورے پاکستان کو دھمکی دی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عدالتوں کو بلاول بھٹو کے بیان پر ازخود نوٹس لینا چاہیے، جبکہ وفاقی حکومت اور امن و امان کے ذمہ دار اداروں کو بھی اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے بلاول بھٹو پر نسل پرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں خونریزی کرانے کا ارادہ ہے؟ اگر پورے پاکستان میں نئے صوبے بننے ہیں تو خونریزی صرف سندھ کے شہری علاقوں میں کیوں ہوگی؟
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی مصنوعی اکثریت کی بنیاد پر سندھ میں حکمرانی کر رہی ہے اور ان کے بقول سندھ کی 65 فیصد آبادی نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کسی بھی قسم کی لسانی تفریق کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔
ایم کیو ایم رہنما کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رابطہ کرکے امن و امان کی صورتحال پر بات کی اور 29 نومبر کو ہونے والی ریلی پر نظرثانی کا مشورہ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلی کی نئی تاریخ کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔



