
راولپنڈی کے علاقے رنیال میں آئل فیلڈ کی زیرزمین سپلائی لائن سے کروڑوں روپے مالیت کا کروڈ آئل چوری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ملزمان نے واردات کے لیے مین سپلائی لائن کے قریب ایک مکان کرائے پر حاصل کیا، جہاں زیرزمین سرنگ بنا کر 181 فٹ طویل پائپ لائن بچھائی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمان ہائی پریشر مین سپلائی لائن سے کلیمپ کے ذریعے پائپ جوڑ کر کروڈ آئل چوری کرتے تھے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے محمد ممتاز، شوکت اور محمد اکرام کو گرفتار کرلیا، جبکہ مکان میں بنائے گئے زیرزمین ٹینک سے 1431 لیٹر کروڈ آئل بھی برآمد کیا گیا۔
مقدمے کے مطابق مین سپلائی لائن سے مجموعی طور پر 1100 بیرل کروڈ آئل چوری کیا گیا، جس کی مالیت 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
مقدمے میں مکان کے نگران شاہ محمد سمیت ساجد، اختر، حفظ الرحمان اور زاہد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔



