تازہ ترینپاکستان

پی ٹی آئی میں گروپنگ نہیں، ڈسپلن کا فقدان ہے: شوکت یوسفزئی

پارٹی کو مشکلات سے نکالنے کے لیے اتحاد ضروری، ڈسپلنری کمیٹی بنانے کا مطالبہ

پی ٹی آئی میں گروپنگ نہیں، ڈسپلن کا فقدان ہے: شوکت یوسفزئی
پی ٹی آئی میں گروپنگ نہیں، ڈسپلن کا فقدان ہے: شوکت یوسفزئیپاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں گروپنگ نہیں بلکہ نظم و ضبط کا فقدان ہے، پارٹی قیادت کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی پر انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پارٹی کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کے لیے باہمی مفاہمت اور اتحاد ناگزیر ہے۔ بیرسٹر گوہر پارٹی کو متحد رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے کو اختلافات کا نام دینا درست نہیں، پی ٹی آئی ایک بڑی سیاسی جماعت ہے اور اس کے بانی اس وقت جیل میں ہیں، ایسے حالات میں پارٹی کے اندر اختلافِ رائے فطری بات ہے۔
شوکت یوسفزئی نے پارٹی قیادت پر زور دیا کہ میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کیا جائے۔ ان کے مطابق پارٹی کو انتشار سے بچانے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ڈسپلنری کمیٹی کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ابھی پارٹی میں زیرِ غور نہیں آیا اور اس حوالے سے پارٹی کے اندر کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ نئے صوبے آئینی طریقہ کار کے مطابق بننے چاہئیں، جس سے عوامی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی جیل میں ملاقات کے حوالے سے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو ملک بھر میں سیاسی اسپیس نہیں مل رہی، تاہم پارٹی کو موجودہ مشکل صورتحال سے نکالنے کے لیے باہمی مفاہمت اور اتحاد ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button