
سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آبادی بڑھنے کے باعث عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ صوبوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز گزشتہ دو ماہ سے زیرِ بحث ہے، اگر 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز ہے تو 12 بنا لیے جائیں، تاہم ان کی تشکیل زبان، نسل یا سیاسی مفادات کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات نئے انتظامی یونٹس کو منتقل ہونے چاہئیں تاکہ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں طاقت کا ارتکاز ختم ہو۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈز کی اصل منزل بلدیاتی ادارے ہونے چاہئیں، لیکن یہ ادارے صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر رہ جاتے ہیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کو سمجھنا چاہیے کہ طاقت عوام کی امانت ہے، اسے اپنے ہاتھوں میں رکھنے کے بجائے عوام تک منتقل کرنا ضروری ہے۔



