
کوئٹہ(یو این اے )سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر میں فتنہ الہندوستان کی جانب سے تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر حملہ کرنے کی بزدلانہ کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کامیاب جوابی کارروائی کے دوران فورسز نے 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے، جبکہ مزید 3 دہشت گردوں کو بھی سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔علاوہ ازیں، ایک اور حملے کی کوشش کے پیش نظر گوادر شاہراہ کے قریب واقع ایک ہوٹل میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھی آپریشن جاری ہے جہاں چار مزید دہشت گرد فورسز کے گھیرا میں ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ گوادر جی او سی (GOC) خود اس تمام آپریشن کو لیڈ کر رہے ہیں۔



