
اسلام آباد)یو این اے(سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اگلی سماعت تک شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے قرار دیا کہ عمران خان کو سخت سکیورٹی میں اسپتال منتقل کیا جائے اور اسپتال کے باہر امن و امان کی صورتحال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور علاج سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ عمران خان کا مکمل میڈیکل ریکارڈ فراہم کرنے میں کیا مسئلہ ہے؟ عدالت نے قرار دیا کہ اب تک فراہم کیا گیا مواد صرف میڈیکل رپورٹ کی سمری ہے۔ عدالت نے عمران خان کا تمام میڈیکل ریکارڈ آئندہ سماعت سے قبل جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ عدالت میں آنے کے بعد خفیہ نہیں رہے گا۔جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ رپورٹ میں انجیوگرافی کی ضرورت لکھی گئی ہے، کیا جیل میں انجیوگرافی ہوسکتی ہے؟ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے جواب دیا کہ یہ سہولت باہر اسپتال میں دستیاب ہے۔ جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق عمران خان کی نبض اور دل کی کیفیت نارمل نہیں جبکہ ان کے اہم جسمانی اعضا متاثر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔عدالت نے عمران خان کی بہنوں سے ملاقات کے معاملے پر بھی سخت ریمارکس دیے۔ جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ بہنوں سے ملاقات کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے۔ عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے پر بھی سوال اٹھایا۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ تین سال کے دوران عمران خان سے ان کی بہنوں کی 48 ملاقاتیں کرائی گئیں، جس پر سپریم کورٹ نے تین سال کے دوران ہونے والی تمام ملاقاتوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ عدالت نے عمران خان کی بچوں سے ٹیلی فونک گفتگو کا ریکارڈ بھی طلب کیا۔وکیل پی ٹی آئی عزیر بھنڈاری نے عمران خان کا شفا انٹرنیشنل اسپتال میں مکمل طبی معائنہ کرانے اور ان کی بہنوں و ذاتی معالجین کو ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہ کرنے کی یقین دہانی سے متعلق بھی سوالات کیے۔جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی کو ایک بات طے کرلینی چاہیے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سیاست نہیں ہوگی۔ جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ پی ٹی آئی اور خاندان کو بیانِ حلفی دینا ہوگا کہ ملاقات کے بعد کوئی میڈیا ٹاک نہیں کی جائے گی۔دورانِ سماعت عدالت نے عمران خان کے مقدمات کی مکمل تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ عمران خان کتنے مقدمات میں زیرِ سماعت قیدی ہیں، کتنے مقدمات میں سزا یافتہ ہیں اور کتنے مقدمات میں سزائیں معطل ہوچکی ہیں، تمام تفصیلات فراہم کی جائیں۔سپریم کورٹ نے اڈیالہ جیل حکام سے عمران خان سے گزشتہ تین سال کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجوہات بتانے کی ہدایت کی۔عدالت نے کیس کی سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر اڈیالہ جیل حکام کو بھی طلب کرلیا۔



