بلوچستانتازہ ترینپاکستان

نوشکی میں ماں بیٹی کا قتل بلوچ روایات کی پامالی ہے,غزالہ گولہ

خواتین کو گھروں میں گھس کر قتل کرنا کونسی بلوچیت اور غیرت ہے؟ مینا مجید

 

 دہشت گرد خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں,ہادیہ نواز
ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے,راحیلہ درانی

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، صوبائی مشیر کھیل مینا مجید بلوچ اور حکومتی خواتین ارکان اسمبلی نے نوشکی میں ماں اور بیٹی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو گھروں میں گھس کر قتل کرنا انسانیت سوز واقعہ اور بلوچ روایات کی کھلی پامالی ہے، واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر مظلوم خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی مشیر کھیل مینا مجید بلوچ نے کہا کہ گزشتہ روز نوشکی کے علاقے کلی مینگل آباد میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ماں اور بیٹی کو قتل کیا۔ بی بی حنیفہ اور بی بی حفصہ کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ پرامن شہری تھیں۔ خواتین کا قتل بزدلانہ اور ناقابل تلافی جرم ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ صرف سکیورٹی فورسز کو نہیں بلکہ عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ گھروں میں گھس کر بلوچ خواتین کو قتل کرنا کون سی بلوچیت اور غیرت ہے؟ ایسے مظلوم افراد کو نشانہ بنانے والے ثابت کررہے ہیں کہ یہ کسی حقوق کی جنگ نہیں بلکہ دہشت گردی اور بدامنی کی جنگ ہے۔مینا مجید نے کہا کہ یہ واقعہ چادر اور چار دیواری کی پامالی اور کھلی دہشت گردی ہے۔ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد بے نقاب ہوچکے ہیں۔ حکومت اور سکیورٹی فورسز امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کررہی ہیں اور بلوچستان میں امن دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں، اس لیے ہم سب کو دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔ انسانی حقوق کے نام پر آواز اٹھانے والوں کی خاموشی بھی قابلِ تشویش ہے۔ ہم مظلوموں کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ خواتین کو تشدد کرکے قتل کرنا ایسا عمل ہے جس کی ہر سطح پر مذمت ہونی چاہیے۔ خواتین کو کام کرنے اور حب الوطنی کا کردار ادا کرنے سے روکنا دہشت گردوں کے کون سے مقاصد ہیں؟ اس طرح کی کارروائیوں سے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد حاصل نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ مذہب اور بین الاقوامی قوانین دونوں میں خواتین کو جنگ اور تنازعات کے دوران تحفظ حاصل ہے، اس لیے خواتین کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اقدام ہے۔ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ نے کہا کہ نوشکی کلی مینگل آباد میں ماں اور بیٹی کا قتل انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز واقعہ ہے، اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔ بی بی حفصہ اور بی بی حنیفہ کے قتل کی شدید مذمت کرتی ہوں۔ خواتین کے قتل میں ملوث افراد کو ضرور سزا ملے گی۔غزالہ گولہ نے کہا کہ نوشکی کا واقعہ بلوچ روایات کی پامالی ہے، مظلوم شہید ماں بیٹی کو انصاف فراہم کرنا ہوگا۔ بطور پارلیمنٹرین ہم ہمیشہ خواتین کے حقوق کی بات کرتے ہیں اور خواتین کے خلاف ہونے والے کسی بھی ظلم پر خاموش نہیں رہیں گے۔دریں اثنا رکن بلوچستان اسمبلی ہادیہ نواز بہرانی نے کہا کہ نوشکی میں مظلوم ماں بیٹی کا قتل یہ سوال اٹھاتا ہے کہ یہ کونسے حقوق کی جنگ ہے؟ خواتین اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے والی کارروائیاں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ صوبے کے تمام امن پسند اور ترقی پسند حلقے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button