
کوئٹہ (یو این اے)بولان کے علاقے میں تین روز قبل دھماکے سے تباہ کی جانے والی 18 انچ قطر کی مین گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام تاحال شروع نہیں ہو سکا، جس کے باعث کوئٹہ، مچھ، مستونگ، قلات، پشین اور زیارت سمیت کئی اضلاع کو گیس کی فراہمی چوتھے روز بھی مکمل معطل ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کی توقع ہے، جس کے بعد تکنیکی ٹیمیں فوری طور پر مرمتی کام کا آغاز کر دیں گی۔ دوسری جانب کوئٹہ شہر کے علاقوں سریاب اور مشرقی بائی پاس سمیت مختلف حصوں میں گیس پریشر میں انتہائی کمی اور بندش کے باعث شہریوں اور گھریلو صارفین کو شدید مشکلات اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔



