
مستونگ(یو این اے) قلات سے کوئٹہ روانگی کے دوران وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کے سکیورٹی اسکواڈ پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، تاہم وزیر داخلہ محفوظ رہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں اے ٹی ایف کے تین اہلکار نصر اللہ، سمیع اللہ اور زکریا سمیت قلات ضلعی پولیس کے تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے سکیورٹی اسکواڈ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں پر فائرنگ کی۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر نواب غوث بخش ہسپتال مستونگ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں مزید علاج کے لیے زخمی اہلکاروں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تمام زخمی اہلکاروں کی حالت مستحکم اور خطرے سے باہر ہے۔واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی ہے۔ علاقے میں ناکہ بندی اور سرچ کارروائیاں جاری ہیں جبکہ واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔واقعے کے باعث علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور اہم شاہراہوں و داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔



