پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل ناقابلِ قبول ہے، کاشف حیدری
عالمی منڈی میں کمی کا فائدہ عوام کو فوری دیا جائے تاجر و عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہیں

کوئٹہ )پ ر( مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو مسلسل مہنگے ایندھن کے بوجھ تلے دبانے کی پالیسی ناقابلِ قبول ہے۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے مستقل، شفاف اور عوام دوست پالیسی تشکیل دے تاکہ کاروباری طبقہ، صنعت، ٹرانسپورٹرز اور عام شہری مزید معاشی مشکلات سے دوچار نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی بیشی بھی براہِ راست اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ، مال برداری اور کاروباری اخراجات پر اثر انداز ہوتی ہے۔ تاجر پہلے ہی مہنگائی، بجلی و گیس کے بھاری بلوں، ٹیکسوں اور دیگر اخراجات کے دبا کا شکار ہیں، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی کاروباری منصوبہ بندی کو بھی شدید متاثر کررہی ہے۔کاشف حیدری نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک فوری پہنچنا چاہیے، جبکہ عالمی سطح پر معمولی اضافے کا بوجھ فوری طور پر صارفین پر منتقل کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے پورے طریقہ کار کو عوام اور تاجر برادری کے سامنے شفاف بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے موٹر سائیکل، رکشہ اور گاڑی استعمال کرنے والے ہی متاثر نہیں ہوتے بلکہ سبزی، پھل، اشیائے خورونوش، تعمیراتی سامان اور دیگر ضروریات زندگی کی ترسیل کے اخراجات بھی بڑھ جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوتا ہے اور کم آمدن والے طبقات کی مشکلات ناقابل برداشت ہوجاتی ہیں۔مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے سے گریز کرے، ٹیکسوں اور دیگر محصولات کا ازسرنو جائزہ لے اور تاجروں و عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کا پہیہ اسی وقت تیزی سے چل سکتا ہے جب کاروباری طبقے اور عام شہری کو معاشی استحکام، مناسب توانائی کی قیمتیں اور پالیسیوں میں تسلسل فراہم کیا جائے۔ حکومت تاجر تنظیموں اور دیگر متعلقہ فریقین کو اعتماد میں لے کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ایسا قابلِ عمل طریقہ کار وضع کرے جس میں عالمی منڈی کے اتار چڑھا کے ساتھ ملکی عوام کی قوتِ خرید اور کاروباری حالات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔



