
اسلام آباد یو این اے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملکی سیاسی و آئینی صورتحال، معاشی و سکیورٹی بحرانوں اور اہم قومی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں علامہ ناصر عباس جعفری، سلمان اکرم راجہ، سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف، سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، حسین احمد یوسفزئی اور خالد یوسف چوہدری نے شرکت کی۔تحریک کے ترجمان اخونزادہ حسین کے مطابق اجلاس میں حکومتی عدم توجہی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ محمود خان اچکزئی نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کے حوالے سے حکومتی بے اعتنائی کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم کو خط لکھ کر نئے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے آئینی عمل کا آغاز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان اپنی آئینی مدت مکمل ہونے کے باوجود کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور وزیراعظم کی جانب سے نئے ارکان کی تقرری کا آئینی عمل تاحال شروع نہیں کیا گیا۔ تحریک نے قرار دیا کہ ملک کے موجودہ بحرانوں کی بڑی وجہ متنازع اور غیر شفاف انتخابات ہیں، اس لیے آزاد، خودمختار اور غیر جانب دار الیکشن کمیشن کا قیام ناگزیر ہے۔اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ تحریک نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی ہمشیرہ کو فوری ملاقات کی اجازت دی جائے اور ان کے ذاتی معالجین کو بھی رسائی فراہم کی جائے تاکہ ان کی صحت کی حقیقی صورتحال سامنے آسکے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کا مکمل طبی معائنہ ان کے ذاتی معالجین اور اہل خانہ کی نگرانی میں کرایا جائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ عمران خان کی صحت اور سلامتی کی ذمہ داری ان اداروں پر عائد ہوتی ہے جن کی تحویل میں وہ ہیں۔اجلاس میں عمران خان کی رہائی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے اور مستقبل میں اعلان کردہ لانگ مارچ کے حوالے سے مثر رابطہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔دریں اثنا تحریک نے آزاد کشمیر میں جاری انسانی بحران کے دوران کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے والے سینیٹر مشتاق احمد خان، ان کے ساتھیوں اور گرفتار کشمیری مظاہرین کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔



