
کوئٹہ )یو این اے( بلوچستان کے اضلاع ژوب اور چمن میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ژوب سے تقریبا 122 کلومیٹر شمال مشرق میں بتایا گیا ہے۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئی۔ تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔



