
کوئٹہ(یو این اے )کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج ٹو میں واقع کوئلہ کان میں زیریلی گیس کے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 33 کان کن کان کے اندر پھنس گئے، جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران اب تک 11 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ باقی کان کنوں تک رسائی کے لیے ریسکیو آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا کان کے اندر زیریلی گیس بھر جانے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں کان کا ایک حصہ متاثر ہوا اور درجنوں مزدور اندر محصور ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ریلیف کمشنر و ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر ریسکیو فورس کو ایمبولینسوں اور ضروری امدادی سامان کے ساتھ موقع پر روانہ کیا گیا، جبکہ محکمہ معدنیات کی ریسپانس ٹیم پہلے ہی جائے حادثہ پر موجود ہے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 11 کان کنوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ باقی مزدوروں تک محفوظ رسائی کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ کان کے اندر موجود گیس اور دشوار گزار حالات کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ مزید معلومات اور ہلاکتوں یا زخمیوں کی تعداد سے متعلق سرکاری تصدیق سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔



