
کوئٹہ (یو این اے) کوئٹہ شہر کے متعدد پیٹرول پمپس پر مبینہ طور پر ایرانی پیٹرول کو پاکستانی پیٹرول ظاہر کرکے سرکاری نرخوں پر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر شہری حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر غیرمعیاری یا مختلف نوعیت کا پیٹرول پاکستانی پیٹرول کے نام پر فروخت کیا جا رہا ہے تو یہ صارفین کے ساتھ ناانصافی کے ساتھ ساتھ متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی بھی ہے۔عوامی حلقوں نے حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے تمام پیٹرول پمپس کی اچانک اور غیرجانبدارانہ انسپکشن کی جائے، پیٹرول کے معیار کی جانچ کے لیے نمونے حاصل کیے جائیں اور اگر کسی بھی پمپ پر بے ضابطگیاں ثابت ہوں تو ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں عوام پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں غیرمعیاری ایندھن کی فروخت عوامی اعتماد کو متاثر کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول پمپس کی نگرانی کے لیے مثر نظام قائم کیا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور شہریوں کو معیاری پیٹرول سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔



