
نئی دہلی ئٹہ(یو این اے )بھارت میں نوجوانوں کے روزگار، امتحانی پرچوں کے مبینہ لیک اور حکومتی جواب دہی کے مطالبات پر جاری احتجاجی تحریک میں 30 سالہ ابھیجیت دیپکے نمایاں شخصیت کے طور پر سامنے آئے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ابھیجیت دیپکے کی 16 مئی کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کی گئی ایک مختصر پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑی آن لائن مہم میں تبدیل ہوگئی۔ ان کی پوسٹ “اگر تمام کاکروچ اکٹھے ہوجائیں تو کیا ہوگا؟” سپریم کورٹ کے جج سوریہ کانت کے ایک بیان پر طنزیہ ردعمل تھی، جس میں انہوں نے بے روزگار نوجوانوں کے حوالے سے الفاظ استعمال کیے تھے، تاہم بعد میں جج نے وضاحت کی کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔اس پوسٹ کے بعد “کاکروچ جنتا پارٹی” کے نام سے ایک طنزیہ آن لائن پلیٹ فارم سامنے آیا، جو بے روزگاری، امتحانی پرچوں کے مبینہ لیک اور حکومتی احتساب کے مطالبات کرنے والے نوجوانوں کے لیے ایک علامتی مرکز بن گیا۔رپورٹس کے مطابق نئی دہلی سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں ہزاروں طلبہ اور نوجوانوں نے احتجاج کیا، جنہوں نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ میڈیکل داخلہ امتحان کے مبینہ پرچہ لیک سے لاکھوں طلبہ متاثر ہوئے۔ابھیجیت دیپکے، جو جون کے آغاز تک امریکی شہر بوسٹن میں مقیم تھے، احتجاج شروع ہونے کے بعد بھارت واپس آئے اور دہلی میں احتجاجی سرگرمیوں میں شامل ہوگئے۔ وہ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے احتجاج کو پرامن رکھنے اور مطالبات پر قائم رہنے پر زور دے رہے ہیں۔دیپکے کو حمایت کے ساتھ تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ایک احتجاج کے دوران ایک خاتون نے ان پر نیلی سیاہی پھینکی، جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “نیلا میرا رنگ ہے”، جسے مبصرین ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی تحریک سے منسلک علامت قرار دیتے ہیں۔ابھیجیت دیپکے کا تعلق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد سے ہے اور وہ دلت خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کے مطابق ان کا پس منظر اور محرومیوں کا تجربہ ان کی سیاسی سوچ پر اثر انداز ہوا۔وہ 2020 میں عام آدمی پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم سے بھی وابستہ رہے، جہاں انہوں نے سیاسی پیغام رسانی میں طنز اور مزاح کے استعمال کا تجربہ حاصل کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک مختصر سوشل میڈیا پوسٹ کا اتنی بڑی تحریک میں تبدیل ہونا ان کے لیے بھی حیران کن ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ احتجاج کا مقصد نوجوانوں کے مسائل کو سیاسی بحث کا حصہ بنانا ہے اور وہ طلبہ کے مطالبات پورے ہونے تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔



