
چاغی (یو این اے)ایف سی بلوچستان (ساوتھ)نے چاغی کے علاقوں دالبندین اور ماشکیل میں اہم ناکہ بندی کے دوران مسلسل کامیاب اور مثر کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی ایک اور بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے، جس کے دوران 71 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق افغانستان میں درپیش شدید معاشی و سماجی مشکلات کے باعث متعدد افغان شہری انسانی اسمگلروں کے جھانسے میں آ جاتے ہیں اور پاکستان کی سرحدی حدود کو استعمال کرتے ہوئے ایران، ترکی اور یورپی ممالک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایف سی بلوچستان (ساوتھ)کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ سرحدی علاقوں میں امن و امان کے قیام، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور غیر قانونی نقل و حرکت کے سدباب کے لیے ایسی کارروائیاں بلاامتیاز اور مسلسل جاری رکھی جائیں گی، جبکہ گرفتار کیے گئے تمام افغان باشندوں کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔



