محکمہ بی ڈی اے کو ختم کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے،خان زمان
ادارے کے اربوں روپے کے اثاثے اور 900 خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے،بلوچستان لیبر فیڈریشن

کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان لیبر فیڈریشن نے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) کو ختم کرنے یا کسی دوسرے محکمے کے ماتحت کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور ادارے کی خودمختار حیثیت برقرار رکھی جائے۔بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان، چیئرمین حاجی بشیر احمد رند، سیکرٹری جنرل قاسم خان کاکڑ، حاجی عزیز شاہوانی، عابد بٹ اور دیگر رہنماں نے اپنے بیان میں کہا کہ بی ڈی اے ایک فعال ادارہ ہے جس سے 900 خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے، جبکہ اس کے خاتمے یا انضمام سے ملازمین، مزدوروں اور پنشنرز کے حقوق متاثر ہوں گے۔رہنماں نے کہا کہ محکمہ بی ڈی اے کے کوئٹہ، حب اور گڈانی میں اربوں روپے مالیت کے اثاثے، عمارتیں اور منصوبے موجود ہیں، جن کا تحفظ ضروری ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ادارے کے قیمتی اثاثوں کو اونے پونے داموں فروخت کرنے یا کسی دوسرے ادارے کے حوالے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں بی ڈی اے کے قیمتی اثاثے موجود ہیں اور عالمی سطح پر بحری جہازوں کی ری سائیکلنگ کے منصوبوں کے باعث یہ ادارہ مستقبل میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ایسے اثاثوں کو منتقل کرنا یا ختم کرنا صوبے کے مفاد کے خلاف ہوگا۔بلوچستان لیبر فیڈریشن کے رہنماں نے کہا کہ کوئٹہ میں بی ڈی اے ہیڈ آفس سمیت دیگر قیمتی املاک موجود ہیں، جن کا تحفظ ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی ڈی اے کے مستقل اور نئے ریگولر ملازمین کے مستقبل سے متعلق پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے اور ادارے کو مزید ترقیاتی منصوبے دیے جائیں تاکہ یہ صوبے کی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھ سکے۔رہنماں نے خبردار کیا کہ اگر بی ڈی اے کو ختم کرنے یا ماتحت کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو بلوچستان لیبر فیڈریشن ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اور بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔



