
مستونگ (یو این اے) مستونگ کی تحصیل کھڈکوچہ اور گردونواح میں فورسز اور کالعدم تنظیم کے درمیان حالیہ جھڑپوں کے بعد سینکڑوں خاندان نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق مسلسل کشیدہ صورتحال، فائرنگ اور خوف و ہراس کے باعث لوگ اپنے گھروں، باغات، مال مویشی اور زرعی ٹیوب ویل چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہی علاقوں میں خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور جان بچانے کے لیے برسوں کی محنت، کھیتوں اور باغات کو چھوڑنا ان کی مجبوری بن چکا ہے۔متاثرہ خاندانوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر حالات معمول پر نہ آئے تو پورا علاقہ خالی ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد و بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔



