
کوئٹہ (یو این اے) جمعیت وکلا فورم پاکستان کے مرکزی صدر سینیٹر کامران مرتضی ایڈووکیٹ نے حکومت بلوچستان کی جانب سے مستونگ کی سب تحصیل کھڈکوچہ میں کرفیو کے نفاذ اور مبینہ طور پر “دیکھتے ہی گولی مارنے” جیسے احکامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔اپنے بیان میں سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، تاہم آئین اور قانون سے ہٹ کر کیے جانے والے اقدامات نہ صرف شہریوں کے بنیادی حقوق سے متصادم ہیں بلکہ عوام میں خوف و ہراس بھی پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر کرفیو سے متعلق جاری کیے گئے احکامات کی وضاحت کرے اور قانون کی حکمرانی، انسانی جان کے تحفظ اور شہری آزادیوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مثر کارروائیاں ضروری ہیں، تاہم یہ اقدامات آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیے جائیں تاکہ بے گناہ شہریوں کے حقوق متاثر نہ ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا مستقل حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ سیاسی مکالمے، انصاف کی فراہمی اور عوام کا اعتماد بحال کرنے میں ہے۔



