
ڈیرہ اللہ یار(یو این اے)جعفرآباد کے مقامی زمیندار اور سابق ڈسٹرکٹ اٹارنی میر ثنا اللہ کھوسہ نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی یقین دہانی کے باوجود جھڈیر شاخ کو نہری پانی کی فراہمی شروع نہیں کی گئی، قلت آب کے باعث علاقے میں لوگوں کو پینے تک کا پانی میسر نہیں ہے، بڑے پیمانے پر نکل مکانی کے باعث علاقہ ویران ہونے لگا ہے، پانی کی فراہمی شروع نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وزیراعلی ہاوس اور صوبائی اسمبلی تک وسیع کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب جعفرآباد میں درجنوں کسانوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سیکریٹری انجنیئر عبدالمجید بادینی کے احتجاجی دھرنے میں ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام نے ہمیں یقین دہانی کرائی تھی کہ جھڈیر شاخ کو ٹیل تک پانی فراہم کیا جائے گا مگر تمام یقین دہانیوں کے باوجود پانی فراہم نہیں کیا گیا وارہ بندی کے باوجود جھڈیر شاخ کے حصے کا پانی نصیرآباد کی نہروں کو دیا گیا اور ہم پیاسے تکتے رہ گئے، انکا کہنا تھا کہ قلت آب کے باعث چاول کی کاشت متاثر ہوگئی ہے، اب تک صورتحال یہاں تک پہنچی کہ تالاب خشک ہوگئے لوگوں کو پینے تک پانی میسر نہیں ہے ہمارے کسان مجبور ہو کر نکل مکانی کرنے لگے ہیں کئی خاندان گاوں سے نکل مکانی کر گئے علاقہ ویرانی کا منظر پیش کرنے لگا ہے، میر ثنا اللہ کھوسہ نے کہا کہ استحصال اور بھوک سے بدامنی جنم لیتی ہے اگر کوئی انسان بھوکا ہوگا تو وہ کسی دوسرے کا نوالہ بھی چھین لے گا ہم نہیں چاہتے کہ علاقے میں حالات اس نہج تک پہنچیں، کہ لوگ لوٹ مار شروع کر دیں، ہم پرامن شہری ہیں ہر انسان کے لیے خیر کی دعا کرتے ہیں تاہم ہمارے ساتھ مسلسل نا انصافی کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ جھڈیر شاخ کی بھل صفائی کے لیے ٹھیکیدار کو تین کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے تاہم بھل صفائی کا کام شروع نہیں کیا گیا اور ٹھیکیدار رقم وصول کرکے منظر سے بھی غائب ہے یہ استحصال نہیں تو کیا ہے، احتجاج کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے جھڈیر شاخ کو ٹیل تک پانی فراہم نہیں کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کوئٹہ تک وسیع کر دینگے، مجبور ہو کر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرکے وزیراعلی ہاوس اور صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنے دینگے۔



