
کوئٹہ(یو این اے)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان پرچون گڈز ٹرانسپورٹ صوبے کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس شعبے سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے، سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا سے آنے والی اشیائے خورونوش، ادویات، الیکٹرانکس اور دیگر سامان انہی گڈز کمپنیوں کے ذریعے بلوچستان کے ہر ضلع تک پہنچایا جاتا ہے، امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث بلوچستان کی سپلائی چین شدید خطرات سے دوچار ہو چکی ہے، حکومت فوری اقدامات کرے، بدامنی کے خلاف متعدد بار شٹر ڈان اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی مگر حکومت نے صرف یقین دہانیاں کرائیں، عملی اقدامات نہیں کیے، پہلے ایران بارڈر سے آنے والے ٹرک نشانہ بنتے تھے، اب پرچون گڈز سے بھرے ٹرک بھی اغوا اور بھتہ خوری کا شکار ہیں، کراچی سے کوئٹہ آنے والے مال بردار ٹرک قومی شاہراہ سے اغوا کرکے ویران علاقوں میں لے جائے جاتے ہیں اور مالکان سے لاکھوں روپے بھتہ طلب کیا جاتا ہے، بھتہ نہ دینے پر کروڑوں روپے مالیت کا سامان لوٹ لیا جاتا ہے، گاڑیوں پر فائرنگ اور بعض ٹرکوں کو نذر آتش بھی کیا جاتا ہے، یہ تمام وارداتیں مستونگ، قلات، سوراب اور خضدار کے علاقوں میں دن دہاڑے ہو رہی ہیں، جو تشویشناک صورتحال ہے، قومی شاہراہ پر موجود متعدد چیک پوسٹوں کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کھلے عام سرگرم ہیں، بعض مقامات پر منظم گروہ اپنے نمائندے بٹھا کر پرچون گڈز کمپنیوں سے بھتہ وصول کر رہے ہیں، ایک ٹرک سے دس لاکھ روپے یا اس سے زائد بھتہ طلب کیا جاتا ہے جبکہ مکمل کرایہ اس سے کہیں کم ہوتا ہے، بھتہ خوری کے باعث اضافی مالی بوجھ تاجروں پر پڑتا ہے اور آخرکار مہنگائی کی صورت میں عوام کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے، بلوچستان پرچون گڈز ایسوسی ایشن نے کراچی تا کوئٹہ اور کوئٹہ سے اندرون بلوچستان ترسیلی سروس غیر معینہ مدت تک معطل کرنے کا اعلان کیا، حکومت نے تحفظ فراہم نہ کیا تو سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا سے بلوچستان آنے والی پرچون گڈز کی ترسیل مکمل بند کرنے کی وارننگ دے دی گئی، اگر ٹرانسپورٹ بند ہوئی تو پورا بلوچستان شدید معاشی بحران اور اشیائے ضروریہ کی قلت کا شکار ہو جائے گا، آٹا، چینی، گھی، دالیں، چاول، بچوں کی خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، کپڑا، جوتے، الیکٹرانکس، ہارڈویئر، آٹو پارٹس اور تعمیراتی سامان کی ترسیل رکنے سے بازاروں میں قلت پیدا ہوگی، اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوئی تو قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگا اور عام آدمی سب سے زیادہ متاثر ہوگا، غریب عوام، مزدور، مریض، چھوٹے دکاندار اور متوسط طبقہ اس ممکنہ بحران کا سب سے زیادہ نقصان اٹھائے گا، مرکزی انجمن تاجران نے واضح کیا کہ ہڑتال یا ترسیل بند کرنا مقصد نہیں بلکہ حکومت کو بروقت صورتحال سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں، اگر ریاستی رٹ بحال نہ کی گئی تو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بحران کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی، حکومت پاکستان، حکومت بلوچستان، کور کمانڈر، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور آئی جی ایف سی سے قومی شاہراہوں پر فوری سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا، بھتہ خوری، اغوا اور لوٹ مار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور منظم نیٹ ورکس کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا، تاجروں نے قومی شاہراہوں پر مستقل پٹرولنگ، ٹرانسپورٹرز، ڈرائیوروں، تاجروں اور عام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی عملی ضمانت دینے کا مطالبہ کیا، مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے بلوچستان پرچون گڈز ایسوسی ایشن کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے سخت احتجاج، شٹر ڈان اور پہیہ جام ہڑتال کی وارننگ دے دی۔



