
کوئٹہ( یو این اے) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت طالبہ ملائکہ خان خلجی نے بلند حوصلے، عزم اور ہمت کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے کھوسر گنگ (Khosar Gang) چوٹی سر کر لی اور اس تاریخی کامیابی کے ساتھ بلوچستان کی پہلی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے، جبکہ خواتین میں کوہ پیمائی کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل بھی سمجھی جا رہی ہے ملائکہ خان خلجی نے قومی ویمن ایکسپڈیشن 2026 میں شرکت کرتے ہوئے یہ منفرد کارنامہ انجام دیا۔ اس مہم میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کوہ پیماں نے حصہ لیا، تاہم ملائکہ خان خلجی اس مہم میں شریک کم عمر ترین پاکستانی خاتون کوہ پیما بھی رہیں۔ کم عمری کے باوجود انہوں نے غیر معمولی جرات، جسمانی فٹنس اور مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھوسر گنگ کی دشوار گزار چوٹی کو کامیابی سے سر کیا۔ ملائکہ خان خلجی نے چوٹی پر پہنچ کر پاکستان کا قومی پرچم اور بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبے کی شناخت کو بھی سربلند کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس کامیابی کو اپنے والدین، اساتذہ، ساتھیوں اور بلوچستان کے عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ اگر نوجوانوں، خصوصا خواتین کو مناسب مواقع اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے تو وہ ہر میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتی ہیں یو این اے کے مطابق ملائکہ خان خلجی اس وقت بلوچستان انسٹی ٹیوٹ فار ٹورازم، ہاسپیٹلٹی اینڈ کلچر مینجمنٹ کی طالبہ ہیں۔ ان کی کامیابی اس ادارے کے لیے بھی باعثِ فخر ہے، جہاں انہیں مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع میسر آئے۔ تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ملائکہ نے ثابت کیا ہے کہ بلوچستان کی طالبات نہ صرف تعلیمی میدان بلکہ مہم جوئی، کھیلوں اور کوہ پیمائی جیسے چیلنجنگ شعبوں میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں۔ کھوسر گنگ چوٹی کو پاکستان کی اہم برف پوش چوٹیوں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں تک رسائی آسان نہیں ہوتی۔ دشوار گزار راستے، شدید سرد موسم، کم آکسیجن، برفانی ڈھلوانیں اور سخت موسمی حالات کوہ پیماں کے لیے بڑا امتحان ہوتے ہیں۔ ایسے ماحول میں کسی بھی چوٹی کو سر کرنا جسمانی طاقت، ذہنی استقامت، پیشہ ورانہ تربیت اور مضبوط حوصلے کا تقاضا کرتا ہے۔ ملائکہ خان خلجی نے ان تمام مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا ملائکہ خان خلجی کی اس کامیابی کو بلوچستان میں خواتین کے لیے ایک نئی امید اور حوصلے کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ مختلف سماجی، تعلیمی اور کھیلوں کی شخصیات نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی صوبے کی دیگر لڑکیوں کو بھی خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ دے گی۔ ماہرین کے مطابق خواتین کی کوہ پیمائی میں بڑھتی ہوئی شرکت پاکستان میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے لیے بھی خوش آئند پیش رفت ہے سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان قدرتی حسن، بلند و بالا پہاڑوں اور سیاحتی مقامات سے مالا مال ہے، لیکن یہاں سے خواتین کی کوہ پیمائی میں نمائندگی نہ ہونے کے برابر تھی۔ ملائکہ خان خلجی نے اپنی کامیابی سے اس خلا کو پر کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی شہریوں، نوجوانوں، طلبہ، اساتذہ، کھیلوں کی تنظیموں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملائکہ خان خلجی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے حکومتِ بلوچستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی باصلاحیت نوجوان خواتین کی سرپرستی کی جائے، انہیں بین الاقوامی سطح پر تربیت اور نمائندگی کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ مستقبل میں عالمی سطح پر بھی پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کر سکیں ملائکہ خان خلجی کی تاریخی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اگر عزم مضبوط ہو، محنت مسلسل ہو اور حوصلہ بلند ہو تو کوئی بھی چوٹی سر کرنا ناممکن نہیں رہتا۔ ان کی یہ کامیابی بلوچستان کی بیٹیوں کے لیے ایک نئی امید، خود اعتمادی اور روشن مستقبل کی علامت بن چکی ہے، جبکہ پاکستان میں خواتین کی کوہ پیمائی کی تاریخ میں بھی اسے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔



