بلوچستانتازہ تریندنیاپاکستان

چین سے پہلی براہ راست ٹرانزٹ ٹرین افغانستان پہنچ گئی

500 ٹن تجارتی سامان لے کر ایران کے راستے صوبہ ہرات پہنچ گئی ہے

نئی ریلوے راہداری کو علاقائی تجارت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
نئی ریلوے راہداری کو علاقائی تجارت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے

کابل:چین سے افغانستان کے لیے پہلی مرتبہ براہ راست ٹرانزٹ ٹرین 500 ٹن تجارتی سامان لے کر ایران کے راستے صوبہ ہرات پہنچ گئی ہے، جسے علاقائی تجارت، ٹرانزٹ اور اقتصادی رابطہ کاری کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق یہ ٹرین چین کے دارالحکومت بیجنگ سے روانہ ہوئی اور ایران کے ریلوے نیٹ ورک سے گزرتے ہوئے خواف۔ہرات ریلوے لائن کے ذریعے افغانستان کے ہرات میں واقع روزنک اسٹیشن پہنچی۔ایران۔افغانستان ریلوے کوریڈور کے سربراہ مصطفی رضائی کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ چین سے افغانستان تک تجارتی سامان راستے میں اتارے بغیر براہ راست ریل کے ذریعے منتقل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرین میں تقریبا 500 ٹن فائبر بورڈز لادے گئے تھے، جو چین سے ترکمانستان اور ایران کے راستے افغانستان پہنچے۔انہوں نے کہا کہ اس نئے زمینی ریلوے راستے سے سامان کی ترسیل کا وقت کم ہوگا، اخراجات میں کمی آئے گی اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔افغانستان چیمبر آف کامرس اینڈ انویسٹمنٹ نے بھی اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے باعث چابہار، بندر عباس اور جبل علی جیسے بحری راستوں پر ٹرانزٹ متاثر ہوا، جس سے افغانستان کی درآمدات اور سپلائی چین کو مشکلات کا سامنا تھا۔ نئی ریلوے راہداری ان مسائل کے حل کے لیے ایک متبادل راستہ فراہم کر سکتی ہے۔خواف۔ہرات ریلوے منصوبہ ایران اور افغانستان کے درمیان ایک اہم ریلوے رابطہ ہے، جس کی مجموعی لمبائی 225 کلومیٹر ہے۔ اس منصوبے کا تقریبا 85 کلومیٹر حصہ ایران جبکہ 140 کلومیٹر حصہ افغانستان میں واقع ہے۔ یہ ریلوے لائن ایران اور ترکی کے ریلوے نظام سے مطابقت رکھنے والے اسٹینڈرڈ گیج پر تعمیر کی گئی ہے، جس سے مستقبل میں یوریشیائی ریلوے نیٹ ورک سے رابطے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔اس منصوبے پر تعمیراتی کام 2007 میں شروع ہوا تھا، جبکہ ایران نے اس پر 660 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی۔ ریلوے لائن کو مختلف مراحل میں مکمل کیا گیا، افغانستان میں سرحد سے روزنک تک کا حصہ 2020 میں فعال ہوا، جبکہ روزنک سے ہرات شہر، صنعتی زون اور ہوائی اڈے تک توسیعی کام جاری ہے۔یہ منصوبہ فائیو نیشنز ریلوے کوریڈور کا بھی حصہ ہے، جس کے ذریعے چین، کرغزستان، تاجکستان، افغانستان اور ایران کو ایک مشترکہ زمینی ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا منصوبہ ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ راہداری چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا اہم حصہ بن سکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سمندر تک براہ راست رسائی نہ رکھنے والے افغانستان کے لیے ایسے زمینی راستے انتہائی اہم ہیں۔ اس سے درآمدی اخراجات میں کمی، برآمدات کے نئے مواقع اور علاقائی تجارت میں اضافہ ممکن ہو سکتا ہے۔تاہم ماہرین نے منصوبے کی کامیابی کے لیے علاقائی امن و استحکام، سیکیورٹی، مالی وسائل اور متعلقہ ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کو ضروری قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ عوامل برقرار رہے تو خواف۔ہرات ریلوے افغانستان سمیت پورے خطے میں تجارت اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button