
سوراب(یو این اے )کوئٹہ،کراچی قومی شاہراہ پر سوراب کے علاقے نغاڑ کے مقام پر دو کاروں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ نغاڑ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب دو کاریں تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق و زخمی افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال سوراب منتقل کر دیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق کوئٹہ، نوشکی اور پشین سے ہے، تاہم ان کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔



