
منگوچر (یو این اے )ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں نامعلوم مسلح افراد نے فیلڈر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ژوب سے تعلق رکھنے والی دو خواتین جاں بحق جبکہ متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس، لیویز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق فیلڈر گاڑی ژوب سے سفر کر رہی تھی کہ منگوچر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر دی۔ حملے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ جاں بحق خواتین کا تعلق ژوب کے علاقے کلی اپوزئی سے بتایا جا رہا ہے، جبکہ متعدد دیگر مسافر زخمی ہوئے۔ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ضرورت پڑنے پر انہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جا سکتا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، علاقے کا محاصرہ کیا اور مختلف مقامات پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق حملے کی وجوہات اور محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد کا فرانزک اور تفتیشی جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملتے ہی جاں بحق افراد کے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔ علاقے کی سیاسی، سماجی اور قبائلی شخصیات نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مثر اور فوری اقدامات کیے جائیں۔حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، جبکہ زخمیوں کی حتمی تعداد اور حملے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔



