
کوئٹہ(یو این اے)سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آٹھ افراد کے قتل کے مقدمات میں مطلوب دو نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق ایس ایس پی سیریس کرائم انویسٹی گیشن کیپٹن)ر( دوست محمد بگٹی کی ہدایت پر انویسٹی گیشن ٹیم نے تکنیکی تجزیے، انٹیلی جنس معلومات اور مسلسل نگرانی کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ہزار گنجی کے علاقے میں چھاپہ مارا اور مطلوب ملزمان عبدالرزاق اور محمد اکرام کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک عدد .223 بور رائفل، ایک ایس ایم جی (SMG)، تین ٹی ٹی پستول اور 30 بور کے 40 کارتوس برآمد کیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ دورانِ تفتیش ملزمان نے قمبرانی روڈ پر واقع اپنے زیرِ تعمیر مکان کی نشاندہی کی، جہاں چھاپہ مار کارروائی کے دوران مزید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان آٹھ افراد کے قتل کے مقدمات میں مطلوب تھے، جبکہ مقدمہ کرائم برانچ کوئٹہ میں زیرِ تفتیش ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور پولیس کو اہم انکشافات کی توقع ہے۔



