
کوئٹہ(یو این اے )جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک اور سوچی سمجھی پروپیگنڈا مہم قرار دیا ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا طوفانِ بدتمیزی دراصل کرائے کے کارکنوں کے ذریعے حقائق کو مسخ کرنے اور عوام کو گمراہ کرنے کی ایک منظم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی گفتگو ہمیشہ پاکستان کے استحکام، قومی یکجہتی اور ملکی مفاد کے تناظر میں ہوتی ہے، تاہم بعض عناصر جان بوجھ کر اصل پس منظر کو نظرانداز کرتے ہوئے ان کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں تاکہ ان کی کردار کشی کی جا سکے۔آغا محمود شاہ نے کہا کہ جمعیت علما اسلام ایسی مذموم مہمات سے ہرگز مرعوب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال پر سوال اٹھانا ایک قومی ذمہ داری ہے، نہ کہ کوئی جرم۔انہوں نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی بیان پر رائے قائم کرنے سے قبل مولانا فضل الرحمان کی مکمل تقریر سنیں اور سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے حقائق کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی عمر مختصر جبکہ سچ کی فتح ہمیشہ یقینی ہوتی ہے۔



