
تربت(یو این اے )مکران ڈویژن میں فضائی سفر کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا۔ پاکستان کی نجی فضائی کمپنی ساتھ ایئر لائن کی پہلی پرواز کراچی سے مسافروں کو لے کر تربت پہنچ گئی، جہاں ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی، ایس ایس پی کیچ کیپٹن (ر)زوہیب محسن اور دیگر حکام نے ساتھ ایئر لائن کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ سیکیورٹی بریگیڈیئر عامر، بورڈ آف گورنرز کے رکن شاہد گچکی، معزز مہمانوں اور مسافروں کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں پرواز تربت سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوگئی۔اس موقع پر بریگیڈیئر عامر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکران اور بلوچستان کے عوام کو درپیش سفری مشکلات، طویل زمینی سفر اور محدود فضائی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ساتھ ایئر لائن نے اپنی سروس کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کا مقصد عوام کو محفوظ، معیاری اور کم خرچ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ مستقبل میں عوامی ردعمل اور مسافروں کی تعداد میں اضافے کی صورت میں مزید پروازیں اور نئی منزلیں بھی شامل کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ تربت سمیت پورے مکران میں قومی فضائی کمپنی کے ساتھ نجی ایئر لائن کی سروس کا آغاز خوش آئند پیش رفت ہے، جس سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور فضائی سفر میں مسابقت بڑھنے سے عوام کو مزید سہولت حاصل ہوگی۔ساتھ ایئر لائن کے بورڈ ممبر اور معروف سماجی و کاروباری شخصیت شاہد گچکی نے کہا کہ نئی فضائی سروس سے مکران کا کراچی، کوئٹہ اور ملک کے دیگر بڑے شہروں سے رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔ ان کے مطابق اس اقدام سے کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری، سیاحت اور تجارت کو فروغ ملے گا، جبکہ طلبہ، مریضوں اور دیگر مسافروں کو طویل زمینی سفر کی مشکلات سے بھی نجات ملے گی۔استقبالی تقریب میں ڈی ایس پی (یو ٹی) دانش بلوچ، ساتھ ایئر لائن تربت کا عملہ، ضلعی انتظامیہ کے افسران، معززین اور دیگر متعلقہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شرکا نے اس سروس کو مکران کے عوام کے لیے ایک تاریخی اور مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے مستقبل میں مزید شہروں تک پروازوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی امید ظاہر کی۔



