بلوچستان میں امن و قومی یکجہتی کے لیے فوری آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، طارق جعفری
دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور قومی اتحاد ناگزیر ہے،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان

کوئٹہ(یو این اے )تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور شہریوں کے جان و مال کو لاحق خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن، قومی یکجہتی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام سیاسی، مذہبی، قبائلی، سماجی اور قومی قیادت پر مشتمل فوری آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) طلب کی جائے۔تحریک کے ترجمان طارق جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانا ریاست اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، فرقہ واریت اور لسانی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور قومی مفاد میں تمام سیاسی و مذہبی قوتیں متحد ہو کر کردار ادا کریں۔ انہوں نے افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک ملک کے دفاع، قومی وحدت اور بلوچستان کے امن و استحکام کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔



