
واشک(یو این اے) بلوچستان کے سرحدی ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدور جاں بحق ہوگئے۔ افسوسناک واقعہ اتوار کے روز ایرانی سرحد سے متصل علاقے ماشکیل میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے ایک حجام کی دکان پر بیٹھے مزدوروں کو نشانہ بنایا۔ڈپٹی کمشنر واشک کے مطابق حملے میں جاں بحق ہونے والے پانچ افراد میں سے چار کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔شاہد رند نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور دہشت و خوف پھیلانے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی۔دوسری جانب وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ماشکیل میں نہتے مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے صرف پنجابی مزدور نہیں بلکہ پاکستان کے شہری، محنت کش اور ہمارے اپنے بھائی تھے۔انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں پر حملہ کسی ایک صوبے یا قومیت پر نہیں بلکہ پاکستان کی وحدت، آئین اور ریاست پر حملہ ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ آزادی کی نام نہاد تحریک کا لبادہ اوڑھنے والے دہشت گرد نہتے مزدوروں کو نشانہ بنا کر اپنے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب کر چکے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد کسی حق کی جدوجہد نہیں بلکہ دہشت، نفرت، خونریزی اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ریاست دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، پاکستانی شہریوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا اور دہشت گردی میں ملوث ہر مجرم کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید فیصلہ کن ہوں گی اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔



