
کوئٹہ (یو این اے)زیارت کے علاقے مانگی ڈیم فیز تھری میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین اور اہل علاقہ کا احتجاجی دھرنا کوئٹہ کے علاقے کوئلہ پھاٹک پر سات شہدا کی میتوں کے ہمراہ بدستور جاری ہے۔ دھرنے سے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر بلوچستان کے حالات واقعی ٹھیک ہیں تو پھر لوگ اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ دھرنوں پر بیٹھنے پر کیوں مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس ریاست میں سچ بولنا گناہ اور حق مانگنا جرم بن جائے، وہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی۔ اگر انصاف کا نظام موجود ہے تو سانحہ زیارت سمیت دیگر اہم واقعات کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کیوں نہیں کرائی جاتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست اپنے ہی اداروں اور فیصلوں پر اعتماد نہیں کر رہی، جو انتہائی افسوسناک صورتحال ہے۔اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان میں لیویز کو ختم کرکے پولیس میں ضم کرنے سمیت متعدد تجربات کیے گئے، مگر یہ تمام اقدامات ناکام ثابت ہوئے۔ عوام کو مطمئن کرنے کے لیے مختلف کمیٹیاں اور نمائندے بھیجے جاتے ہیں، لیکن مسائل کا مستقل اور دیرپا حل فراہم نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے احتجاج کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مقف اور مطالبات پر ثابت قدم رہیں۔سربراہ بی این پی نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں ایک شہری کے قتل پر بھی حکومتیں جوابدہ ہوتی ہیں، لیکن بلوچستان میں متعدد سانحات رونما ہونے کے باوجود کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ اگر حکمران واقعی عوام کے غم میں شریک ہوتے تو اپنے عہدوں اور اسمبلی نشستوں سے استعفے دے کر متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرت، حیا اور عوامی احساسِ ذمہ داری خریدی یا ادھار نہیں لی جا سکتی بلکہ یہ کردار کا حصہ ہوتی ہے۔اختر مینگل نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ہر فورم پر انہوں نے سانحہ ہنہ اوڑک، سانحہ زیارت اور بلوچستان کے دیگر واقعات پر آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ متاثرین آئندہ جو بھی احتجاجی لائحہ عمل اختیار کریں گے، بلوچستان نیشنل پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام پر ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ ریاست کے قیام سے جاری ہے۔ حکمرانوں کو بلوچستان کے وسائل، گیس، معدنیات اور قدرتی ذخائر تو نظر آتے ہیں، مگر یہاں کے عوام کی محرومیاں دکھائی نہیں دیتیں۔ بلوچ اور پشتون عوام کے حقوق اور جانوں کو نظرانداز کرکے صرف وسائل سے فائدہ اٹھایا گیا۔سردار اختر مینگل نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں عوام کو دبانے کے لیے مسلح گروہوں اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کا سہارا لیا گیا۔ سول ہسپتال کوئٹہ سانحہ سمیت متعدد واقعات میں بے گناہ افراد کا خون بہایا گیا، لیکن متاثرین کو انصاف نہ مل سکا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آج بھی ہزاروں خاندان اپنے لاپتہ پیاروں کی واپسی یا ان کی لاشوں کے منتظر ہیں، جبکہ سانحہ زیارت کے متاثرین کم از کم اپنے شہدا کی میتیں تدفین کے لیے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، مگر کئی ایسے خاندان ہیں جنہیں آج تک اپنے عزیزوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔



