
کوئٹہ(یو این اے )پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ “آپریشن شعبان” بھرپور انداز میں جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ کارروائیوں میں مزید 9 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور پناہ گاہوں میں چھپے دہشت گردوں کو فضائی اور زمینی کارروائیوں کے ذریعے مثر انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ کارروائیاں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق تازہ کارروائیوں کے بعد آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 52 ہو گئی ہے، جبکہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 88 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان بلا تعطل جاری رہے گا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔



