
کوئٹہ(یو این اے )حکومت بلوچستان نے صوبے کے انتظامی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرتے ہوئے نئے اضلاع اور ڈویژنز کے قیام سمیت متعدد انتظامی تبدیلیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ فیصلوں کا مقصد انتظامی امور کو مزید مثر بنانا، عوام کو سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنانا اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کو بہتر بنانا بتایا گیا ہے۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کوئٹہ کو دو اضلاع، کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ ضلع کوئٹہ ایسٹ میں سریاب، صدر اور سٹی سب ڈویژنز شامل ہوں گی، جبکہ ضلع کوئٹہ ویسٹ میں کچلاک، بروری اور پنجپائی سب ڈویژنز شامل کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے الگ کرکے کوئٹہ ڈویژن میں شامل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد کوئٹہ ڈویژن تین اضلاع پر مشتمل ہو گیا ہے۔حکومت نے لسبیلہ ڈویژن کے قیام کا بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں لسبیلہ، حب اور آواران کے اضلاع شامل ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لسبیلہ ڈویژن کا ہیڈکوارٹر ضلع لسبیلہ (اوتھل) میں قائم کیا گیا ہے۔ انتظامی سہولت کے پیش نظر سب تحصیل سارونہ کو سابقہ ضلع خضدار سے الگ کرکے اس کی ایک یونین کونسل ضلع لسبیلہ جبکہ دوسری یونین کونسل ضلع حب میں شامل کر دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت قلات ڈویژن کو ختم کرکے اس کی جگہ خضدار ڈویژن قائم کر دیا گیا ہے۔ خضدار ڈویژن سے ضلع مستونگ کو الگ کر کے کوئٹہ ڈویژن میں شامل کیا گیا، جبکہ نیا ضلع وڈھ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ضلع وڈھ میں وڈھ، نال، اورناچ، آڑنجی اور گریشہ کے علاقے شامل کیے گئے ہیں، جبکہ ضلع کا ہیڈکوارٹر نال مقرر کیا گیا ہے۔حکومت نے ضلع سوراب کے انتظامی ڈھانچے میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے سابقہ شہید سکندرآباد کا نام تبدیل کرکے ضلع سوراب رکھا ہے، جبکہ تحصیل زہری کو خضدار سے الگ کرکے ضلع سوراب میں شامل کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع خضدار کی حدود میں بھی توسیع کی گئی ہے، جہاں زیدی، باغبانہ، مولہ اور کرخ کو انتظامی طور پر شامل کیا گیا ہے، جبکہ کرخ کو سب تحصیل سے اپ گریڈ کرکے تحصیل کا درجہ دیا جائے گا۔حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ ضلع قلات کی موجودہ حدود برقرار رہیں گی، جن میں قلات، خالق آباد، منگوچر، جوہان اور گزگ سمیت دیگر علاقے شامل ہوں گے، تاہم قلات ڈویژن کی حیثیت ختم ہونے کے بعد اس کے انتظامی امور خضدار اور لسبیلہ ڈویژنز کے تحت چلائے جائیں گے۔حکومت کے مطابق ان انتظامی اصلاحات کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر سرکاری خدمات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی مثر نگرانی، انتظامی استعداد میں اضافہ اور گورننس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔



