
اسلام آباد ،کوئٹہ(یو این اے )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے اجلاس میں سینیٹر جان محمد بلیدی نے حکومت بلوچستان کے تحت عالمی بینک کے مالی تعاون سے جاری بلوچستان ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ (بی ایچ سی آئی پی) میں مبینہ بے ضابطگیوں اور 150 بلوچستانی طلبہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا معاملہ سخت انداز میں اٹھایا۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ یہ صرف انتظامی غفلت کا معاملہ نہیں بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کے مستقبل، ان کے بنیادی حقوق اور عالمی بینک کے فنڈز کے ممکنہ غلط استعمال کا معاملہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت بلوچستان نے 150 طلبہ میں سے 47 طلبہ کو نرسنگ ڈگری کے لیے اسکالرشپ پر اسلام آباد بھیجا، تاہم انہیں ایسے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام میں داخل کرایا گیا جو نہ پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل (پی این ایم سی) سے رجسٹرڈ تھا، نہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے تسلیم شدہ، جبکہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی کو یہ پروگرام چلانے کا قانونی اختیار بھی حاصل نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ اس غفلت اور مبینہ بے ضابطگیوں کے باعث طلبہ کے دو قیمتی سال ضائع ہو گئے اور اب انہیں ایسی ٹریننگ یا ڈپلومہ کا سرٹیفکیٹ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کی نہ ایچ ای سی اور نہ ہی پی این ایم سی میں کوئی قانونی حیثیت ہے، جس سے ان کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔سینیٹر بلیدی نے مزید الزام عائد کیا کہ اسکالرشپ پر آنے والے طلبہ کو غیر معیاری ہاسٹلوں میں رکھا گیا، ناقص کھانا فراہم کیا گیا، بعد ازاں انہیں ہاسٹل خالی کرنے پر مجبور کیا گیا، جبکہ انہیں صرف پانچ ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جاتا رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی بینک کے اس منصوبے کے تحت جاری 36 ملین ڈالر کے فنڈز، جو تقریبا 10 ارب روپے بنتے ہیں، کا شفاف اور آزادانہ آڈٹ کرایا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفی کمال نے قائمہ کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کا ذاتی طور پر جائزہ لیں گے اور ایک ہفتے کے اندر قابلِ قبول حل پیش کریں گے۔قائمہ کمیٹی نے وزیر صحت کی یقین دہانی کے بعد معاملہ آئندہ اجلاس تک مخر کرتے ہوئے وزارتِ قومی صحت کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر متاثرہ طلبہ کے مستقبل کے تحفظ، ان کے تعلیمی نقصان کے ازالے اور پورے معاملے سے متعلق تفصیلی رپورٹ کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے۔



