
واشنگٹن(یو این اے)امریکا نے ایرانی تیل کی فروخت سے متعلق جاری کیا گیا عمومی لائسنس دوبارہ منسوخ کر دیا ہے۔ امریکی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ آبنائے ہرمز میں ایران کی حالیہ سرگرمیوں کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے مفاہمتی یادداشت کے بعد 22 جون کو ایک عمومی لائسنس جاری کیا تھا، جس کے تحت 21 اگست تک ایرانی خام تیل، پیٹروکیمیکل مصنوعات اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اب اس اجازت کو واپس لے لیا گیا ہے۔امریکی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ایران نے پابندیوں کی بحالی کو مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کے لیے امریکی اقدام کا مناسب جواب دے گا۔دوسری جانب ایران پر حملوں اور ایرانی تیل کی فروخت پر پابندیوں کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تازہ کاروبار کے دوران برطانوی برینٹ خام تیل تقریبا 76 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل تقریبا 72 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔



