
صحبت پور (یو این اے )ضلع صحبت پور اور اس کی مختلف تحصیلوں میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کے دوران مستحق خواتین نے مبینہ کٹوتیوں اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔متاثرہ خواتین کے مطابق صحبت پور، پہنور، سنہڑی، مانجھی پور، سعید خان، حیدرآباد، فرید آباد اور جیا خان کھوسو سمیت مختلف علاقوں میں ادائیگی مراکز پر بعض ڈیوائس ہولڈرز کی جانب سے فی خاتون مبینہ طور پر 2 ہزار سے 2 ہزار 500 روپے تک کی کٹوتی کی جا رہی ہے، جس سے مستحق خواتین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔خواتین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی، جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ رہا ہے، ادائیگی مراکز پر نہ پینے کے صاف پانی کا انتظام ہے اور نہ ہی سائے یا انتظار گاہ کی سہولت، جس کے باعث خواتین اور ان کے ہمراہ آنے والے بچے سخت اذیت کا سامنا کر رہے ہیں۔متاثرہ خواتین نے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ کٹوتیوں کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے، جبکہ ادائیگی مراکز پر پینے کے پانی، سایہ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستحق خواتین کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



