
لورالائی(یو این اے )بلوچستان کے ضلع لورالائی میں بدھ کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز لورالائی سے تقریبا 31 کلومیٹر مشرق میں واقع تھا۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد شہری کچھ دیر تک کھلے مقامات پر موجود رہے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے مطابق تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔



