
کوئٹہ(یو این اے )پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ہنہ اوڑک کے علاقے کلی ببری میں دہشت گردوں کے حملے میں چار شہریوں کی شہادت، 11 افراد کے لاپتہ ہونے اور ضلع زیارت کے علاقے کچھ مانگی فیز تھری میں پولیس پر حملے کے نتیجے میں 9 اہلکاروں کی شہادت اور متعدد اہلکاروں کے لاپتہ ہونے کے واقعات ریاست، حکومت اور متعلقہ سکیورٹی اداروں کی سنگین ناکامی کا واضح ثبوت ہیں۔وہ ہنہ اوڑک سانحے کے خلاف بی اے مال کے سامنے جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنما بھی موجود تھے، جبکہ بڑی تعداد میں کارکنوں، قبائلی عمائدین، نوجوانوں، خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس سے قبل انہوں نے خانوزئی اور زیارت کراس پر جاری احتجاجی دھرنوں سے بھی خطاب کیا۔خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی آئینی ذمہ داری ہے، لیکن صوبے میں نہ شہری محفوظ ہیں، نہ سرکاری اہلکار، اور نہ ہی دور دراز علاقوں میں تعینات پولیس کو مناسب وسائل، جدید اسلحہ، بروقت کمک اور مثر سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست اپنے اہلکاروں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو عام شہریوں کے تحفظ کے دعوے بھی قابلِ اعتماد نہیں رہتے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہنہ اوڑک کے 11 لاپتہ افراد اور زیارت حملے میں لاپتہ ہونے والے تمام پولیس اہلکاروں کی فوری، محفوظ اور باعزت بازیابی یقینی بنائی جائے اور دہشت گردی کے تمام واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف مثر کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کئی دہائیوں سے بدامنی، دہشت گردی، لاپتہ افراد اور قتل و غارت گری کا شکار ہے، مگر حکومتیں اور ریاستی ادارے عوام کو امن فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کے بقول صرف مذمتی بیانات اور اعلانات مسائل کا حل نہیں، بلکہ ریاست کو اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود یہاں کے عوام امن، ترقی اور بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی تشدد اور دہشت گردی کی ہر شکل کی مخالف ہے اور سمجھتی ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے قانون کی حکمرانی، انصاف اور آئینی حقوق کی فراہمی ناگزیر ہے۔انہوں نے ہنہ اوڑک عوامی کمیٹی کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے شہدا کے ورثا کو انصاف، لاپتہ افراد اور پولیس اہلکاروں کی فوری بازیابی، دہشت گردی میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دینے اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔



